Raseed Kaise Likhte Hain? | رسید کیسے لکھتے ہیں؟

 

Raseed Kaise Likhte Hain?

رسید کسے کہتے ہیں؟

رسید ایک ایسی تحریر کو کہتے ہیں جو کسی رقم، سامان یا کسی دوسری چیز کے وصول ہونے کے ثبوت کے طور پر لکھی جاتی ہے۔

رسید کیوں لکھی جاتی ہے؟

رسید لکھنے کا بنیادی مقصد وصول ہونے والی یا ادا ہونے والی رقم یا چیز کا تحریری ثبوت تیار کرنا ہے۔


:مثال

اگراسلم نے اکرم کو پانچ ہزار روپے دیے ہیں تو اسلم، اکرم سے رسید لکھ کر دینے کو کہہ سکتا ہے، تاکہ اس کے پاس اس بات کا تحریری ثبوت موجود ہو کہ اکرم نے اس سے پانچ ہزار روپے وصول کیے ہیں۔

اسی طرح کسی ادارے، دکان، اسکول یا کسی دوسرے مقام پر رقم وصول ہونے کی صورت میں بھی رسید دی جا سکتی ہے یا رسید طلب کی جا سکتی ہے۔ رسید ہونے کی وجہ سے دونوں فریقوں کے پاس لین دین کا ایک تحریری ثبوت موجود رہتا ہے۔

رسید میں کیا لکھا جاتا ہے؟

رسید میں ضرورت کے مطابق معلومات کو کم یا زیادہ کیا جا سکتا ہے۔ لیکن ایک عام رسید میں درج ذیل چیزیں لکھی جاتی ہیں۔

١۔ رسید کا عنوان

٢۔ رسید کا نمبر

٣۔ تاریخ

٤۔ رقم یا چیز دینے والے کا نام

٥۔ رقم یا چیز وصول کرنے والے کا نام

٦۔ وصول کی گئی رقم

٧۔ رقم الفاظ میں

٨۔ رقم وصول کرنے کی وجہ

٩۔ سامان یا چیز کی تفصیل

١٠۔ دستخط

رسید لکھنے کا طریقہ کیا ہے؟

١۔ رسید لکھنے کے لیے سب سے پہلے صفحے کے اوپر درمیان میں "رسید" لکھا جاتا ہے۔

٢۔ اس کے بعد ضرورت کے مطابق رسید "نمبر" لکھا جاتا ہے۔

٣۔ اس کے بعد وصول کی گئی رقم یا چیز کی تفصیل لکھی جاتی ہے۔

٤۔ اگر رقم وصول کی گئی ہو تو رقم کو ہندسوں اور الفاظ دونوں میں لکھنا بہتر ہوتا ہے۔

٥۔ پھر اس شخص کا نام اور پتہ لکھا جاتا ہے جس سے رقم یا کوئی چیز وصول کی گئی ہو۔

٦۔ اس کے بعد رقم یا چیز وصول کرنے کی وجہ یا مد لکھی جاتی ہے۔

٧۔ اگر رقم کسی قسط، قرض، فیس، کرایے یا کسی دوسری مد میں وصول کی گئی ہو تو اس کی وضاحت بھی کی جا سکتی ہے۔

٨۔ اس کے بعد رقم یا چیز وصول کرنے والے شخص کا نام اور دستخط درج کیے جاتے ہیں۔

٩۔ ضرورت کے مطابق رسید پر شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر یا پتہ بھی درج کیا جا سکتا ہے۔

١٠۔ آخر میں رسید لکھنے یا رقم وصول کرنے کی تاریخ درج کی جاتی ہے۔

نوٹ: رسید میں معلومات ضرورت کے مطابق کم یا زیادہ کی جا سکتی ہے۔ لیکن کچھ چیزیں رسید میں لکھنا ضروری ہوتی ہیں جیسے کہ رقم یا چیز کی تفصیل، وصول کرنے کی وجہ، تاریخ اور دستخط وغیرہ۔

نتیجہ

رسید کسی رقم یا چیز کے وصول ہونے کا تحریری ثبوت ہوتی ہے۔ ایک عام رسید میں تاریخ، نام، رقم یا چیز کی تفصیل، وصولی کا مقصد اور دستخط شامل کیے جا سکتے ہیں۔ رسید لکھتے وقت تمام معلومات واضح اور درست لکھنی چاہیے تاکہ ضرورت پڑنے پر اسے آسانی سے سمجھا اور ریکارڈ کے طور پر استعمال کیا جا سکے۔


قرضِ حسنہ لینے کی رسید

باعث تحریر انکہ

مبلغ چالیس ہزار روپے، نصف جن کے بیس ہزار روپے ہوتے ہیں، بابت قرضِ حسنہ ازاں جناب نوید احمد صاحب ساکن چک نمبر 22، ضلع سرگودھا، وصول پا کر روبرو مندرجہ ذیل دو گواہوں کے یہ رسید لکھ دی ہے تاکہ سند رہے اور وقتِ ضرورت کام آئے۔

میں یہ رقم برابر قسطوں میں 01 مئی 20__ تک ادا کر دوں گا۔

تاریخ: 01 جنوری 2025

 

العبد

غلام نبی ولد نبی احمد قوم شیخ

:پتہ

:شناختی کارڈ نمبر

:دستخط

 

گواہ (1)

اکرام علی ولد رمضان علی قوم راجپوت

:پتہ

:شناختی کارڈ نمبر

:دستخط

 

گواہ (2)

شفیق احمد ولد علی احمد قوم راجپوت

:پتہ

:شناختی کارڈ نمبر

:دستخط


مزید پڑھیں

مکالمہ لکھنے کا کیا طریقہ ہے؟

امتحان میں مضمون کیسے لکھتے ہیں؟

جملہ بنانے کا طریقہ کیا ہے؟