کسی بھی زبان پر مکمل عبور حاصل کرنے کے لیے اُس زبان کی گرامر کو سیکھنا اور سمجھنا ضروری ہوتا ہے۔ اس کے بغیر آپ کسی زبان کے ماہر نہیں بن سکتے۔
اردو ایک وسیع زبان ہے۔ اگر آپ اردو سیکھ رہے ہیں یا اردو زبان پر مکمل عبور حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو اردو گرامر سیکھنا ہوگی۔
لیکن یہ گرامر کیا ہوتی ہے یا گرامر کسے کہتے ہیں یا گرامر کی تعریف کیا ہے؟ اس مضمون میں آپ ان تمام سوالات کے جوابات پڑھیں گے۔
گرامر یا قواعد کسے کہتے ہیں؟
ہر زبان کے کچھ اصول اور کچھ ضابطے ہوتے ہیں۔ ان اصولوں اور ضابطوں کی وجہ سے ہی اُس زبان کو صحیح طریقے سے سیکھا، سمجھا اور بولا جاتا ہے۔ اردو زبان کے بھی کچھ مخصوص اصول اور ضابطے ہیں، انہیں قواعد یا گرامر کہا جاتا ہے۔
اگر ہم اردو زبان کو مکمل طور پر سیکھنا اور سمجھنا چاہتے ہیں تو ہمیں ان قواعد پر عبور حاصل کرنا ہوگا۔
قواعد کے کتنے حصے ہیں؟
قواعد کے دو حصے ہوتے ہیں:
صرف
نحو
(Sarf) صرف
صرف اردو قواعد کی وہ شاخ ہے جس میں الفاظ کی بنیادی ساخت، ان میں آنے والی تبدیلیوں اور ایک اصل لفظ سے نئے الفاظ بنانے کے طریقوں پر بحث کی جاتی ہے۔
قواعد کے اس حصے میں حروف، الفاظ اور کلمات پر ہی بحث کی جاتی ہے۔ مثال کے طور پر یہ لفظ واحد ہے یا جمع، مذکر ہے یا مؤنث وغیرہ۔
اس علم کو جاننے کا فائدہ یہ ہے کہ انسان الفاظ کو صحیح طرح سے بول سکتا ہے۔
(Nahv) نحو
نحو اردو قواعد کی وہ شاخ ہے جس میں جملوں کی ساخت اور الفاظ کے آپس میں تعلق پر بحث کی جاتی ہے۔
یہ نحو ہی ہے جس کی مدد سے ہم درست اور معنی خیز جملے بنا سکتے ہیں۔
:نتیجہ
اردو گرامر پر عبور حاصل کرنے سے نہ صرف ہم زبان کو بہتر طریقے سے بول اور لکھ سکتے ہیں بلکہ صحیح جملے بنا کر اپنے خیالات کو واضح اور مؤثر انداز میں پیش کر سکتے ہیں۔

0 Comments